اسلام آباد (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے چہرے قانون ساز اسمبلی میں پہنچ گئے ہیں۔ مظفر آباد ڈویژن سے 2 جبکہ مہاجرین کی نشستوں سے 5 نئے امیدوار پہلی بار اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
ایل اے 29 مظفر آباد سٹی سے پیپلز پارٹی کے سردار مختیار احمد نے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 31 کھاوڑہ سے مسلم لیگ ن کے راجا ثاقب مجید اور ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ ن کے محمد احسن رضا پہلی بار اسمبلی پہنچے ہیں۔
ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ ن کی مریم جاوید پہلی بار قانون ساز اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں جبکہ ایل اے 38 جموں 5 سے مسلم لیگ ن کے چوہدری ذیشان علی، ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے محمد عامر شاہ اور ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے محمد یاسین لون بھی پہلی بار اسمبلی پہنچے ہیں۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے چہرے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ دونوں مراحل کے بعد مجموعی طور پر 12 نئے چہرے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن گئے ہیں۔


