اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوسپا نے زچگی کی چھٹیوں کے دوران ملازمہ کو برطرف کرنے پر نجی ادارے کو 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ملازمہ کو بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ فوسپا نے خاتون کی درخواست پر سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔
فوسپا کے مطابق خاتون ملازمہ کو 13 نومبر 2025 سے 13 مئی 2026 تک زچگی کی چھٹی منظور کی گئی تھی، مگر چھٹی کے دوران ادارے نے انہیں مقررہ مدت سے قبل واپس آنے کا حکم دیا اور ان کے ای میل اکاؤنٹ تک رسائی منسوخ کر دی۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ سی سیکشن آپریشن کی صحتیابی اور نومولود کی دیکھ بھال کے باعث وہ واپس نہیں آ سکیں۔ فوسپا نے اس عمل کو ہراسیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ زچگی کی بنیاد پر امتیازی سلوک صنفی امتیاز کے زمرے میں آتا ہے۔
فوسپا نے نجی ادارے کو ہدایت کی کہ وہ ملازمہ کو بحال کرے اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے۔ ادارے کو پندرہ دنوں کے اندر تعمیل رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔


