ہومتازہ ترینکراچی میں آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان

کراچی میں آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان

کراچی (لارڈ میڈیا) : کراچی انتظامیہ نے مہنگائی سے ستائے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکس مل آٹے کی قیمت 133 روپے فی کلو سے کم کر کے 130 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایات پر طلب کیا گیا تھا، جہاں چیئرمین چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم، فلور ملز مالکان، محکمہ خوراک کے افسران و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گندم کی دستیابی، آٹے کی پیداوار، سپلائی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ اندرون سندھ سے کراچی کو گندم کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کی گنجائش پیدا ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپلائی مزید بہتر ہونے پر ایکس مل آٹے کی قیمت تقریباً 125 روپے فی کلو تک لانے کی کوشش کی جائے گی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ آٹے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت یا ناجائز منافع خوری کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نئی قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور عوام تک سستے داموں آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں