کیاما (لارڈ میڈیا): آسٹریلیا کے شہر کیاما کی عوامی لائبریری کو تقریباً 150 سال قبل لی گئی نایاب کتاب واپس مل گئی ہے، جس نے لائبریری انتظامیہ اور مقامی افراد کو حیران کر دیا۔ لائبریری کی منیجر مشیل ہڈسن نے بتایا کہ یہ کتاب مقامی شہری روس سیمنز نے اپنے آبائی گھر کی مرمت کے دوران ایک بند آتش دان میں دریافت کی۔ یہ کتاب ‘Antiquities of Athens’ 1858 میں شائع ہوئی تھی اور لائبریری کے ابتدائی ذخیرے کا حصہ تھی۔
روس سیمنز کا کہنا ہے کہ یہ کتاب ان کے پڑدادا جان سیمنز نے لی ہوگی، جو اس وقت اس مکان میں رہائش پذیر تھے۔ لائبریری منیجر نے بتایا کہ اگر کتاب پر جرمانہ عائد کیا جائے تو یہ 28 ہزار آسٹریلوی ڈالر بنتا ہے۔ بدقسمتی سے 1870 کی دہائی کے ریکارڈ محفوظ نہیں رہے، اس لیے یہ معلوم کرنا ممکن نہیں کہ کتاب کس نے جاری کروائی تھی۔
لائبریری قوانین کے مطابق اس دور میں کتاب اسی وقت جاری کی جاتی تھی جب پہلے لی گئی کتاب واپس کی جائے اور جرمانہ ادا کیا جائے۔ روس سیمنز نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں کبھی فکر نہیں ہوئی کہ لائبریری ان سے پرانا جرمانہ وصول کرے گی۔
لائبریری انتظامیہ نے اعلان کیا کہ نایاب کتاب کو مقامی تاریخی ذخیرے میں محفوظ رکھا جائے گا تاکہ اسے دوبارہ جاری نہ کیا جائے۔


