لاہور (لارڈ میڈیا): الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری کی ڈگریاں مکمل کر لیں۔ گریجویشن تقریب میں ان طلبہ کی استقامت اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ غزہ میں جنگی حالات کے باوجود ان طلبہ کی کامیابی امید کی علامت ہے۔
الخدمت اور یونیورسٹی آف لاہور کے اشتراک سے ڈگریوں کے ساتھ 13 ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد بھی دی گئیں۔ ڈاکٹر حفیظ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا گیا۔
فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر نے الخدمت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ڈاکٹرز غزہ کے عوام کی خدمت کریں گے۔ فلسطینی گریجویٹ احمد عطااللہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم یہاں کی محبت کبھی نہیں بھولیں گے۔


