اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے خلاف دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دی گئی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو خطرہ قومی سلامتی کے خلاف تصور کیا جائے گا۔ پاکستان اپنے بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے تحفظ اور عالمی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ تمام فریقین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور کشیدگی میں کمی لائیں۔
حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکہ کو معاملہ خود سنبھالنا پڑے گا۔
سعودی وزارت خارجہ نے بھی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سمندری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یمنی عوام اور یمن کی قانونی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔


