لاہور (لارڈ میڈیا): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔ لاہور سے مختلف شہروں کے کرایوں میں 80 روپے سے ایک ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے طریقہ کار پر اعتراض کیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے آپریٹنگ اخراجات بڑھا دیے ہیں، جس کے باعث اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی رانا محسن نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد کم سے کم کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں پندرہ فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ بار بار پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرنے پر کاروبار کرنا مشکل ہو رہا ہے اور اگر صورتحال یہی رہی تو ملک گیر ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔


