لاہور (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اسکیموں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک اسکیموں سے نہیں بلکہ پالیسیوں سے چلتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے ہے لیکن عوام کو 500 روپے میں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پورے ملک کو گیس سلینڈر پر لگا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے ہفتے 1 روپے 97 پیسے کی کمی کی گئی تھی، لیکن ہر لیٹر پٹرول پر غریب عوام سے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی موٹرسائیکل چلاتی ہے اور ہر لیٹر پٹرول پر 100 روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے احتجاج کی ضرورت پر زور دیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سرکاری افسران بڑی گاڑیاں رکھتے ہیں لیکن اپنا کام نہیں کرتے۔ ایف بی آر کے افسران کے کام ٹھیک کرنے سے غریب پر ٹیکس کا بوجھ کم ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان مشکلات کا شکار ہیں، کھاد کی قیمت کا کوئی تعین نہیں، اور کپاس کی کاشت میں تاریخی کمی ہو گئی ہے۔
تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اسکولوں اور کالجوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہے، جس سے غریبوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔


