جکارتہ (لارڈ میڈیا): بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان براہموس کروز میزائل سسٹم کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ انڈونیشیا کے صدارتی محل نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد اس معاہدے کا اعلان کیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انڈونیشیا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے صدر پربووو سوبیانتو سے ملاقات کی۔
براہموس ائیرو اسپیس اور انڈونیشیا کی وزارت دفاع کے درمیان براہموس میزائل دفاعی نظام کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے تاہم اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق بھارت انڈونیشیا کو براہموس کروز میزائل سسٹم کے ساتھ ساتھ ایسٹرا میزائل بھی فراہم کرے گا۔
2023 میں براہموس ائیرو اسپیس حکام نے بتایا تھا کہ انڈونیشیا کے ساتھ 20 کروڑ سے 35 کروڑ ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا کی دفاعی کمپنی ریپبلک کورپ اور بھارتی کمپنی بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ کے درمیان فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائلوں کے حوالے سے بھی معاہدہ طے پایا ہے۔
دونوں ممالک نے اہم معدنیات، اسٹیل اور زراعت کے شعبوں میں سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے ہیں۔ اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا اور انڈونیشیا کی کراکاٹاؤ اسٹیل مشترکہ طور پر انڈونیشیا میں اسٹین لیس اسٹیل سلیب تیار کرنے کے لیے جوائنٹ وینچر قائم کریں گی۔
صدر پربووو سوبیانتو نے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور انڈونیشیا بحرِ ہند میں بحری سلامتی کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔


