اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ٹیلی کام بل سے کسی کی ذاتی زمین اور جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ نجی پراپرٹیز کے حوالے سے کیٹگریز طے کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شزا فاطمہ نے واضح کیا کہ ٹیلی کام بل پر مالی بے ضابطگیوں اور دیگر الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ بل کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کی انکوائری کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلی کام بل کا مقصد ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہے اور یہ قانون سازی اتفاق رائے سے کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نجی پراپرٹی سے فائبر بچھانے کے لئے مالک کی اجازت لازم ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کا بل 6 ترامیم کے ساتھ منظور کیا گیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ کمیٹی کو کسی ایک کمپنی کو نوازنے کے شواہد نہیں ملے، اور کمیٹی نے بل میں تمام سقم دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔


