تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے خلیجی ممالک کو ایک مشترکہ سیکیورٹی نظام بنانے کی پیشکش کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ خطے کی سلامتی کا فیصلہ علاقائی ممالک خود کریں اور نئے سیکیورٹی معاہدے میں اقتصادی تعاون بھی شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی فوجی طاقتوں کو سیکیورٹی نظام سے باہر رکھا جائے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اگر خلیجی ممالک اس پیشکش کو قبول کرتے ہیں تو وہ ایک مٹھی بن کر سامنے آئیں گے اور امریکا یا کسی اور ملک کی مدد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی بحالی کی ذمہ داری صرف تہران کی ہے، اور کسی دوسرے فریق کی مداخلت معاملات کو پیچیدہ بنا سکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا لبنان سے انخلا اور حملے روکنا امریکا کے ساتھ عبوری معاہدے کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر نیک نیتی سے عمل درآمد کے خواہاں ہیں اور خطے کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممالک کو کام کرنا ہوگا۔


