اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کنگری اور دیگر متاثرہ علاقوں میں زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور حکومت بلوچستان کو ہدایت دی کہ ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت قدرتی آفت سے متاثرہ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت دی تاکہ امدادی کارروائیاں بروقت مکمل ہو سکیں۔


