کاغان (لارڈ میڈیا): موسم گرما کی تعطیلات کے دوران وادی کاغان نے سیاحوں کی ریکارڈ تعداد کو اپنی جانب راغب کر لیا ہے۔ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق، گزشتہ روز وادی میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد سیاح داخل ہوئے، جن میں 30 غیر ملکی بھی شامل تھے۔
وادی کاغان خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ سیاحتی مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں رات گئے تک سیاحوں کی آمد جاری رہی۔ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کا عملہ سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر موجود ہے۔
کے ڈی اے انتظامیہ نے سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ دریائے کنہار اور دیگر ندی نالوں سے دور رہیں اور وادی کے قدرتی حسن کے تحفظ کے لیے گندگی پھیلانے سے اجتناب کریں۔


