اسپین (لارڈ میڈیا): اسپین، برطانیہ اور فرانس شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جس کا اثر مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اسپینی حکام کے مطابق ہیٹ ویو کی وجہ سے اموات کی تعداد 200 سے زائد ہوسکتی ہے۔ فرانس میں درجہ حرارت 44 ڈگری سے اوپر چلا گیا ہے۔ فرانس کے وزیراعظم سباستیاں لیکورنو نے کہا ہے کہ صحت سے متعلق الرٹ کی سطح کو بلند ترین درجے تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ہسپتالوں میں عملہ بڑھایا جا سکے اور کمزور افراد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ برطانیہ میں جمعہ کو شدید گرمی کی ریڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔ سرے میں گرمی کا 50 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں درجہ حرارت 37.7 ریکارڈ کیا گیا۔ بیلجئم میں گرمی کی شدت کی وجہ سے تفریحی مقامات عوام کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔ اٹلی، یونان سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں گرمی کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ جرمنی اور جمہوریہ چیک میں محکمہ موسمیات نے شدید موسم سے خبردار کیا ہے۔ جرمنی میں جمعہ کے روز درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ جمہوریہ چیک کے بیشتر حصوں میں شدید موسم کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔


