تہران (لارڈ میڈیا): ایرانی پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ راستوں پر ہی سفر کریں۔ اتھارٹی نے کہا ہے کہ غیر تصدیق شدہ راستوں پر سفر کرنے والے جہازوں کو سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
ایرانی عہدیداروں کے مطابق ان راستوں پر سفر کرنے والے جہاز انشورنس کلیم کے اہل نہیں ہوں گے اور نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ پاسداران انقلاب نے اس حوالے سے ایک نئے راستے کے اعلان کو ‘ناقابل قبول’ اور ‘انتہائی خطرناک’ قرار دیا ہے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی سے آبنائے ہرمز میں سمندری ٹریفک اور 60 روزہ عبوری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ عمان نے حالیہ دنوں میں بحری جہازوں کے لیے محفوظ گزرگاہ کا اعلان کیا تھا۔
برطانیہ کے میریٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر کے مطابق عمان کے شمال میں ایک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کارگو جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


