اسلام آباد (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن نے 45 میں سے 37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ باقی 8 حلقوں پر مشاورت جاری ہے اور جلد حتمی اعلان متوقع ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کو انتخابی ٹاسک سونپ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 8 امیدواروں کی ٹکٹوں کا اعلان آئندہ دو روز میں کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں اہم امیدواروں سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ چوہدری محمد اظہر صادق کی مسلم لیگ ن میں شمولیت اور انتخابی معاملات طے پا گئے ہیں۔
عباس پور سے یاسین گلشن کو پارٹی امیدوار نامزد کیے جانے کا امکان ہے جبکہ لچھراٹ سے سابق وزیر حکومت چوہدری شہزاد نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ راج محل کوٹلی سے ملک نواز اور راولاکوٹ ایل اے-22 سے سردار جاوید شریف کو ٹکٹ ملنے کے امکانات ہیں۔
امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لیے نواز شریف کو بھیج دیے گئے ہیں اور ٹکٹ سے محروم رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن میں رکھنے کے لیے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 24 میں سے 21 حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا ہے۔ حتمی امیدواروں کی فہرست 5 جولائی کو جاری کی جائے گی۔


