اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کے لیے کفایت شعاری کے سابقہ اقدامات کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت سرکاری سطح پر ایندھن کی بچت کے اقدامات واپس لے لیے گئے ہیں۔ تازہ حکم نامے کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ افسران کو پیٹرول کی مکمل سہولت اور 60 فیصد سرکاری گاڑیاں دوبارہ استعمال کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ دوسری جانب تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا ہوں گے، جبکہ شادی ہالز کو رات 10 بجے تک اپنی تقریبات سمیٹنا ہوں گی۔ ریسٹورنٹس اور کیفے بھی رات 11 بجے بند ہوں گے، البتہ ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ علاوہ ازیں فارمیسیز، اسپتال، لیبارٹریز، بیکریاں، دودھ کی دکانیں اور تندور اوقات کار کی پابندی سے آزاد ہوں گے۔ پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، الیکٹرک وہیکل چارجنگ پوائنٹس، جم، اسپورٹس کلبس، آئی ٹی کمپنیز اور کال سینٹرز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔


