واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا نے ایران پر فضائی حملے کیے ہیں، جس کے بعد ایران نے بحرین اور اردن میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر یہ کارروائی ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فضائیہ اور بحریہ کے لڑاکا طیاروں نے ایرانی فضائی دفاعی نظام، گراؤنڈ کنٹرول اسٹیشنوں اور ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق سیریک میں امریکی حملے سے مواصلاتی ٹاور اور واٹر ٹینک تباہ ہوئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے اور اردن میں العزرق ایئر بیس پر حملے کیے گئے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ العزرق بیس پر ایف-35 طیاروں کے ہینگرز اور کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
بحرین کے شاہی مشیر نے کہا ہے کہ بحرینی فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنایا۔ تاہم آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔


