اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے قومی بچت اسکیموں کے منافع کی نئی شرحوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف بچت اسکیموں پر منافع کی شرحوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 12.24 فیصد جبکہ خصوصی بچت اکاؤنٹس پر اوسطاً 12.40 فیصد منافع دیا جائے گا۔ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 13.20 فیصد برقرار رکھی گئی ہے۔
شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ کرتے ہوئے 3 ماہ کی مدت کے لیے شرح 11.40 فیصد، 6 ماہ کے لیے 11.66 فیصد اور ایک سال کے لیے 11.77 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ کی شرح منافع میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، ایک سال اور دو سال کی مدت کے سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 11.88 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل سیونگز اکاؤنٹس پر قابلِ اطلاق شرائط کے تحت 2.50 فیصد شرح سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔ ٹیکس کے حوالے سے فائلرز کے لیے نیشنل سیونگز اکاؤنٹس پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس برقرار جبکہ نان فائلرز کے لیے 30 فیصد کر دیا گیا ہے۔


