اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور فتنہ الخوارج کے چار ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان دہشت گردوں کو بھارت سے مالی اور نظریاتی مدد حاصل تھی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہ کارروائی حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ ان حملوں میں پشاور، شمالی وزیرستان اور بنوں میں ہونے والے واقعات شامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فضائی حملے کیے گئے جن میں دہشت گردوں کے کیمپ اور پناہ گاہیں نشانہ بنائی گئیں۔ اس کارروائی میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل کے مراکز تباہ کر دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔


