تہران (لارڈ میڈیا): ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں امریکی اجازت کے بغیر کوئی حرکت نہیں کرسکتا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیش آنے والے واقعات کے لیے امریکا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی براہ راست ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے اور اسرائیل کے اقدامات کو امریکی پالیسیوں سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا کی جنگ بندی کی خلاف ورزی واضح ہے اور ہم ملکی سلامتی اور مفادات کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی متضاد پالیسیوں نے سفارتی عمل کو متاثر کیا ہے اور ہم بے اعتمادی کے ماحول میں امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہے تھے۔
انہوں نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل پر جانبدارانہ مؤقف اپنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امریکا اور صہیونی ادارے کشیدگی کا بنیادی عنصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں جنگ کا خاتمہ جنگ بندی معاہدے کا حصہ تھا اور جب جنگ بندی کی شق کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو سفارتی ٹریک بھی متاثر ہوتا ہے۔


