لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور ہائیکورٹ نے بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق درخواست کو غیر مستند اور مبہم قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر درخواست دائر کی اور لوڈشیڈنگ، ٹیرف، لائن لاسز یا پالیسی مسائل پر کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔
عدالت نے 15 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران جیسے پیچیدہ مسائل کا حل متعلقہ اداروں اور پالیسی سے ہی نکل سکتا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ مفاد عامہ کی درخواستوں کو احتیاط سے استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ عدالت کا وقت ضائع نہ ہو اور انصاف کا راستہ آلودہ نہ ہو۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزار نے جھوٹا سرٹیفکیٹ لگا کر بتایا کہ اس نے متبادل فورم استعمال کیا ہے، جس پر اس پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جو کہ ہائیکورٹ بار کی ڈسپنری میں جمع کرانا ہوگا۔ درخواست گزار کو 45 روز کے اندر جرمانے کی رسید ڈپٹی رجسٹرار کے پاس جمع کرانی ہوگی۔


