لاہور (لارڈ میڈیا): وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کی چنیوٹ ٹیم نے چمڑا فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم فیکٹری اور کھالوں کا گودام مسمار کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ گودام میں جانوروں کی کھالوں کی پروسیسنگ کی جا رہی تھی، جس سے بدبو اور تعفن پھیل رہا تھا اور شہریوں کی صحت متاثر ہو رہی تھی۔ اہل علاقہ نے کارروائی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ طویل عرصے سے اذیت میں مبتلا تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں انڈسٹریل کام کی اجازت نہیں ہے اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے عوام سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں حکومت پنجاب کے اقدامات کی بدولت ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری آئی ہے۔


