امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کیساتھ جاری جنگ میں مقاصد کے حصول تک باہر نہیں نکلیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکہ اس وقت تنازع سے نکل گیا تو مسئلہ چند سال بعد دوبارہ پیدا ہوسکتا ہے اس لئے جب تک مقاصد حاصل نہیں کر لیتے ایران جنگ سے باہر نہیں نکل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دینگے، اگر ایران کو نہ روکا جاتا تو اسرائیل اور یورپ کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور قیادت کو شدید نقصان پہنچ چکا ، ان کی اعلی قیادت ختم ہو چکی ہے، اگرچہ اس پر افسوس ہے مگر یہ عناصر خطرناک تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر اس وقت تک زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا جب تک کارروائی مکمل نہ ہو جائے، ایران کیخلاف اقدامات ماضی کے امریکی صدور کو پہلے ہی کر لینے چاہئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ آبنائے ہرمز پر اس وقت تیل سے بھرے تقریبا 400بحری جہاز موجود ہیں، اگر یہ راستہ کھل جائے تو عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔


