سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبے بھر میں 214 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں کی گئیں۔
حکام کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ خطرناک دہشت گرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے عبداللطیف نامی ملزم کو بھی دھماکہ خیز مواد کیساتھ حراست میں لیا گیا جس کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی سے ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی بم، 17ڈیٹونیٹرز، 39فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق زیر حراست افراد مختلف مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
ترجمان کے مطابق رواں ہفتے سی ٹی ڈی نے 5040کومبنگ آپریشنز بھی کئے جن میں 18ہزار 932افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 587مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے تھانوں میں منتقل کیا گیا۔


