وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی بنجر زمینوں کو آباد کرکے معاشی زونز میں تبدیل کرنے کیلئے ایک انقلابی منصوبے کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے سرگودھا شرمپ سٹیٹ میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں 126میں سے 118 تالابوں کی کھدائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 92فیصد پشتے بھی تیار ہو چکے ہیں، 116ٹیوب ویلز کی بورنگ مکمل ہونے کیساتھ پانی کی فراہمی کا نظام بھی 92فیصد تک مکمل ہو چکا ہے، 365ایکڑ اراضی کی صفائی اور سروے مکمل ہونے کے بعد 2020میٹر طویل سڑک کیلئے زمین کو بھی پختہ کیا جا چکا ہے جبکہ ویئر ہائوس کی تعمیر 90فیصد مکمل ہے اور دیگر عمارتوں پر کام جاری ہے، منصوبہ مجموعی طور پر 500ایکڑ پر مشتمل ہے۔
علی والا شرمپ سٹیٹ میں بھی تیزترین پیشرفت جاری ہے جہاں 1267ایکڑ میں سے 90فیصد رقبہ کلیئر کیا جا چکا ہے اور 737میں سے 642تالاب مکمل ہو چکے ہیں، ڈرینج سسٹم کا 91فیصد اور ایم ڈی سی ڈرینز کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے، 9000میٹر طویل روڈ نیٹ ورک کا سروے مکمل اور 80فیصد ارتھ فلنگ کا کام بھی ہو چکا ہے، 317ٹیوب ویلز کی بورنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے، ایڈمن آفس، ہاسٹل، ویئر ہائوس اور لیبر رہائش کے بنیادی ڈھانچے کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔
شاہ گڑھ شرمپ فارم میں واٹر سپلائی کا 90فیصد، الیکٹریفکیشن کا 95فیصد اور سڑکوں کی تعمیر کا 97فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پنجاب میں سرکاری سرپرستی میں جھینگوں کی افزائش کا پہلا جدید سائنسی منصوبہ ہے جس میں ماہرین نے پانی کے درجہ حرارت کو موزوں قرار دیا ہے، جھینگوں کو روزانہ 114کلوگرام خوراک فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سپلیمنٹس کے استعمال سے پیداوار اور معیار میں بہتری کی رپورٹس بھی حوصلہ افزا ہیں۔
وزیراعلیٰ نے منصوبے پر تیزی سے پیشرفت پر متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی شرمپ فارمنگ پنجاب کو ایکوا کلچر کا اہم مرکز بنائیگی جس سے نہ صرف بنجر زمینیں آباد ہوں گی بلکہ روزگار کے مواقع اور برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔


