ہومپاکستانوزیراعلیٰ سندھ کا بڑا فیصلہ، صوبے میں گندم فروخت کی حد ختم...

وزیراعلیٰ سندھ کا بڑا فیصلہ، صوبے میں گندم فروخت کی حد ختم کر دی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گندم فروخت کی حد ختم کر دی جبکہ گندم خریداری کی مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی دیدی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے یہ فیصلہ گندم خریداری کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، مخدوم محبوب الزمان، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، سیکرٹری زراعت زمان ناریجو، سیکرٹری خوراک عباس نائچ، سندھ بینک کے نمائندے اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے آبادگار اب بغیر کسی پابندی کے گندم فروخت کر سکیں گے، فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنے سے ہاریوں کو بڑا ریلیف ملے گا، انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ آبادگاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔

اجلاس میں وزیر خوراک نے وزیراعلیٰ کو گندم کی خریدی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گندم خریداری مہم یکم اپریل سے شروع کی گئی ہے، سندھ حکومت کا ہدف 10لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کرنا ہے، اس سال امدادی قیمت ساڑھے 3ہزار روپے فی 40کلو مقرر کی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ تقریباً 19لاکھ 40ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشتکار 3 لاکھ 32ہزار سے زائد ہیں، اب تک تقریباً 8ہزار 958میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔

وزیر خوراک نے بتایا کہ ہدف پورا نہ ہونے کی بڑی وجہ چھوٹے آبادگاروں پر فی ایکڑ پانچ بوری نافذ کرنا ہے جس پر وزیراعلی سندھ نے ہدف حاصل کرنے کیلئے فوری طور پر یہ حد ختم کر دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آبادگاروں کی ادائیگیوں کے نظام کو نمایاں طور پر تیز کر دیا گیا ہے، آبادگاروں کو رقم ایک دن کے اندر سندھ بینک کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہے، اب تک 198.3ملین روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے آبادگاروں کو بہتر ادائیگی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ادائیگی ہاریوں کے اعتماد کیلئے نہایت اہم ہے۔

انکا کہنا تھا کہ تمام اہل آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کریں یہ نہ صرف غذائی تحفظ بلکہ ہاریوں کی مدد کیلئے بھی ضروری ہے، حکومت کو گندم فروخت کرنیوالے آبادگار مستقبل کی سبسڈی کے اہل ہونگے۔

وزیراعلیٰ نے کم خریداری والے اضلاع میں اقدامات مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو گندم کی خریدای مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکار باقاعدگی سے خریداری مراکز کا دورہ کریں۔

وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکار اور محکمہ زراعت کے افسران کسانوں سے رابطے میں ہیں، شکایات ازالے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ غیر فعال خریداری مراکز کو فوری طور پر فعال کریں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آبادگاروں کی سہولت کیلئے مزید 12خریداری مراکز کھولے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے ضابطگیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، پورا عمل ہاری دوست اور موثر ہونا چاہئے، ہاریوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی، گندم خریداری مہم ہاریوں کی مدد اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدام ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں