لاہور (لارڈ میڈیا) پنجاب بھر میں 15 اگست تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاءالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشوں کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو خراب موسم کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔


