اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، جبکہ فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی ن لیگ کو ملیں گی۔ چوہدری نے وضاحت کی کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی سیٹیں شامل ہیں، جس کے بعد مسلم لیگ ن کی کل نشستوں کی تعداد 30 ہو جائے گی۔ اگلے ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں اراکین کا حلف اور مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوگا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے ہی اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کر لیا جائے گا، جس سے آزاد کشمیر میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر آزاد کشمیر میں مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابات صاف، شفاف اور کریڈیبل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں کسی بھی بدنظمی یا دھاندلی کی کارروائی کے خلاف زیرو ٹالرنس رہی ہے، اور شفاف الیکشن سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔


