بیجنگ (شِنہوا) چین کی قومی موسمیاتی آبزرویٹری نے اتوار کے روز سمندری طوفان ڈولفن کی آمد کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا، جو ملک کے سمندری طوفان کے انتباہ کے نظام میں سب سے بلند سطح ہے۔
قومی موسمیاتی مرکز (این ایم سی) نے سمندری طوفان ڈولفن کے اتوار کی شام سے پیر کی علی الصبح کے دوران چین کے مشرقی ساحل پر ژے جیانگ صوبے کے سان من سے فوجیان صوبے کے فو ڈنگ کے درمیان کسی مقام سے ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ایم سی کے چیف فورکاسٹر وانگ ہائی پنگ نے کہا کہ سمندری طوفان کے باعث شدید بارش، وسیع علاقے میں اثرات اور طویل دورانیے کے پیش نظر ہائی الرٹ ضروری ہے۔
اتوار سے بدھ تک شمالی فوجیان، ژے جیانگ، شنگھائی، شمالی جیانگ شی، جیانگسو، آنہوئی، مشرقی ہوبے، وسطی و مشرقی ہینان اور جنوبی شان ڈونگ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ژے جیانگ کے وسطی و مشرقی علاقوں اور آنہوئی کے بعض جنوبی حصوں میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
وانگ ہائی پنگ نے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ چین کے مشرقی ساحلی علاقوں اور مشرقی بحیرہ چین میں تیز ہواؤں سے بچاؤ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اتوار سے منگل تک مشرقی بحیرہ چین کے بیشتر حصوں ہانگ ژو بے، ژے جیانگ کے ساحلی علاقوں اور دریائے یانگ زی کے دہانے پر 9 سے 12 درجے کی ہوائیں چلنے جبکہ جھکڑوں کی رفتار 11 سے 14 درجے تک پہنچنے کی توقع ہے۔ طوفان کے مرکز کے قریب جھکڑ 15 سے 16 درجے تک پہنچ سکتے ہیں۔


