چین کی معروف آٹو موبائل کمپنی ایس اے آئی سی موٹر اور جنرل موٹرز (جی ایم) نے بدھ کے روز اپنے مشترکہ منصوبے کی شراکت داری میں مزید 20 برس کی توسیع کا اعلان کیا ہے جس کے تحت یہ شراکت داری اب سال 2047 تک برقرار رہے گی۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شراکت داری کی تجدید تقریباً 30 برس پر محیط کامیاب تعاون کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ عالمی آٹو موبائل صنعت میں ہونے والی گہری تبدیلیوں کے پس منظر میں دونوں کمپنیوں نے چین کی آٹو موبائل منڈی کی طویل مدتی اہمیت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
دونوں کمپنیوں کے شراکت دار ٹیکنالوجی کی تحقیق و ترقی، رسدی نظام اور عالمی منڈیوں سے متعلق وسائل کو مزید مربوط کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ذہین اور برقی گاڑیوں کی جانب منتقلی، مقامی جدت، عالمی توسیع اور طویل مدتی ترقی کے سلسلے میں ایس اے آئی سی جنرل موٹرز کمپنی لمیٹڈ سے تعاون بھی کریں گے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (چینی):وانگ شیاو چیو، چیئرمین، ایس اے آئی سی موٹر
’’سال 1997 میں ایس اے آئی سی گروپ نے جنرل موٹرز کے ساتھ مل کر چین میں آٹو موبائل شعبے کے مشترکہ منصوبوں میں تعاون کا ایک نیا باب شروع کیا۔ ایس اے آئی سی جنرل موٹرز کے روشن مستقبل پر بھرپور اعتماد کے اظہار کے طور پر دونوں شراکت داروں نے مشترکہ منصوبے کے معاہدے کی مدت میں مزید 20 برس کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ صرف شراکت داری کا تسلسل نہیں بلکہ دونوں فریقوں کے اسٹریٹجک اعتماد کا مضبوط اظہار بھی ہے۔‘‘
ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی): جان روتھ، سینئر نائب صدر جنرل موٹرز ، صدر جنرل موٹرز چین
’’چین کی آٹو موبائل منڈی تیزی سے بدل رہی ہے، صارفین کی توقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ٹیکنالوجی برق رفتاری سے ترقی کر رہی ہے اور مقابلہ ہر روز مزید سخت ہوتا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کا یہ معاہدہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ایس اے آئی سی جنرل موٹرز اور اس کی طویل مدتی ترقی کی صلاحیت پر جنرل موٹرز اور ایس اے آئی سی کے مشترکہ اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ صرف اس تعاون کو جاری رکھنے کی بات نہیں جو ہم نے مل کر قائم کیا ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر اس معاہدے کا مقصد مستقبل کے لئے ایک زیادہ مسابقتی، مضبوط اور پائیدار کاروبار کی تعمیر ہے۔‘‘
مشترکہ منصوبے کے تحت کمپنی سال 2030 تک کم از کم نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے 30 ماڈلز متعارف کرائے گی جس سے چین میں نئی توانائی کی نمایاں برانڈز کی فہرست میں اس کی شمولیت کی رفتار مزید تیز ہو جائے گی۔
ذہین ٹیکنالوجی کے شعبے میں کمپنی مقامی تحقیق و ترقی کی صلاحیتوں کو مزید یکجا کرے گی، چین کی ٹیکنالوجی صنعت سے اپنے روابط کو مضبوط بنائے گی اور ذہین کاک پٹ سے لے کر جدید خودکار ڈرائیونگ صلاحیت تک نئی اختراعات کو تیزی سے متعارف کرائے گی۔
کمپنی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے بیرون ملک کاروبار میں بھی اپنی سرمایہ کاری بڑھائے گی۔ بیوک الیکٹرا ای سیون کو اکتوبر میں باضابطہ طور پر بیرون ملک منڈیوں میں برآمد کیا جائے گا۔ یہ بیوک برانڈ اور کمپنی کی بیرون ملک منڈیوں میں قدم رکھنے والی پہلی اعلیٰ معیار کی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑی ہوگی۔
صنعتی ماہرین کے مطابق ایس اے آئی سی جنرل موٹرز کمپنی لمیٹڈ گزشتہ کئی دہائیوں سے چین اور امریکہ کے درمیان نمایاں ترین مشترکہ منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ چین کی اصلاحات، کھلے پن کی پالیسی اور آٹو موبائل صنعت کی جدید کاری کی ایک نمایاں اور نمائندہ مثال بھی ہے۔
شنگھائی، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


