مظفرآباد (لارڈ میڈیا): مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے الیکشن سیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ن لیگ نے ایل اے 31 میں پیپلز پارٹی کی شکایات کے جواب میں کہا ہے کہ راجہ ثاقب مجید اور کارکنان نے ضابطۂ اخلاق کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لیا، پولنگ پرامن، شفاف اور منظم رہی۔
ن لیگ کے الیکشن سیل نے کہا کہ ہر شکایت کا فیصلہ شواہد اور قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جائے، بغیر ثبوت کارروائی نہ کی جائے، ایل اے 31 میں پولنگ کا پرامن اور شفاف انعقاد یقینی بنایا جائے۔
اسی طرح ایل اے 40 ویلی ون میں بھی پیپلز پارٹی کی شکایات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ ن لیگ نے کہا کہ محمد نعیم خان اور پولنگ ایجنٹس نے ضابطۂ اخلاق کے مطابق حصہ لیا، انتظامی امور کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ن لیگ نے زور دیا کہ تمام شکایات کا فیصلہ قابلِ تصدیق شواہد اور سرکاری رپورٹس کی بنیاد پر کیا جائے۔ سیاسی بنیادوں پر دائر شکایات سے عوام کا اعتماد مجروح نہ ہونے دیا جائے، آزاد کشمیر الیکشن کمیشن پر مکمل اعتماد کیا جاتا ہے اور غیر جانبدارانہ فیصلوں کی توقع کی جاتی ہے۔


