اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ 26 جون سے یکم اگست کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں سے متعلق حادثات میں 126 افراد جاں بحق اور 404 زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 55 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 26 بچے شامل ہیں، جبکہ پنجاب میں 47 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں 19 بچے بھی شامل ہیں، اور 295 زخمی ہوئے جن میں 68 بچے شامل ہیں۔
سندھ میں 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، جن میں 2 بچے شامل ہیں، جبکہ بلوچستان میں 8 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔
پنجاب میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے 75 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے، جبکہ گرمی کی شدت سے نمٹنے کے لیے 333 ہیٹ ویو کیمپس بھی لگائے گئے جہاں 2,203 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 4 ریسکیو آپریشنز کے ذریعے 9 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں 5 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔


