اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک بھر میں آج پیٹرول کی قیمت 336 روپے 03 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہے۔ یہ قیمتیں 3 اگست تک برقرار رہیں گی۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کی کمی کی ہے۔
20 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تین بار کمی اور چھ بار اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ایک دن قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں صرف ایک بار کمی ہوئی ہے اور آٹھ بار اضافہ کیا گیا ہے۔
20 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے کی کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔ 21 جولائی سے 24 جولائی تک مسلسل اضافہ ہوا جبکہ 25 جولائی کو قیمتیں برقرار رکھی گئیں۔
27 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے کی کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے کا اضافہ ہوا۔ 28 جولائی کو دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا ہوا جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 24 پیسے بڑھی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا کہ اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔ اوگرا قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے یہ نظام اپنایا ہے۔


