کولمبو (لارڈ میڈیا): سری لنکا کی خصوصی عدالت نے 2019 میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کے مقدمے میں سابق پولیس چیف پوجتھ جے سندرا اور سابق دفاعی سیکریٹری ہیماسری فرنینڈو کو سزائے موت سنا دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ دونوں اہلکار انٹیلی جنس وارننگ کے باوجود حملے روکنے میں ناکام رہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، پرمننٹ ٹرائل ایٹ بار نے ان دونوں سابق اعلیٰ حکام کو متعدد الزامات میں قصوروار قرار دیا، جن میں انٹیلی جنس کی پیشگی وارننگ کے باوجود کارروائی نہ کرنا اور سرکاری ذمہ داری میں غفلت شامل ہیں۔
فیصلے کے بعد دونوں ملزمان کے وکلا کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ سری لنکا میں سزائے موت کا قانون برقرار ہے، لیکن عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، لہذا اکثر یہ سزا عمر قید میں تبدیل کر دی جاتی ہے۔
پہلے 2022 میں تین رکنی ہائی کورٹ بینچ نے انہی الزامات میں دونوں کو بری کر دیا تھا، مگر سپریم کورٹ نے دوبارہ سماعت کا حکم دیا، جس کے بعد مارچ میں مقدمے کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی۔
یاد رہے کہ 21 اپریل 2019 کو ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں پر خودکش حملے ہوئے تھے، جن میں 279 افراد ہلاک اور تقریباً 500 زخمی ہوئے تھے۔


