کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ حکومت نے سولر سسٹم کے ذریعے 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے جس کی مالیت 18 ارب 20 کروڑ روپے ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ اس منصوبے سے آف گرڈ علاقوں کے 1 لاکھ 32 ہزار اور آن گرڈ علاقوں کے 1 لاکھ 43 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ حکومت کا مقصد کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ سولر پینل، بیٹریز، چارج کنٹرولر، موبائل چارجنگ کی سہولت، پنکھے اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک 15 ہزار سے زائد سولر ہوم سسٹم کٹس مختلف اضلاع میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جون 2027 تک تمام 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو اس منصوبے سے مستفید کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف بجلی کی فراہمی بلکہ غریب عوام کو ریلیف کا بھی اہم قدم ہے۔


