اسلام آباد (لارڈ میڈیا): الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی قوانین اور آئین میں ترامیم کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں لیگل ریفارمز کمیٹی کو متحرک کر دیا گیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام اور مختلف ونگز کے نمائندے شامل ہیں۔
کمیٹی 2024 کے عام انتخابات میں سامنے آنے والی قانونی و آئینی خامیوں کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ الیکشن کمیشن انتخابی قوانین کو مؤثر اور جدید بنانے کے لیے قانونی فریم ورک کا بھی جائزہ لے گا۔
ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن آئین، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 میں ترامیم کی تجاویز تیار کرے گا تاکہ قوانین کو عالمی بہترین طریقوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
انتخابی قوانین کا مقصد شفاف، منصفانہ اور یکساں انتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 2026 تک انتخابی عمل سے متعلق آئینی شقوں کا جائزہ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
بلدیاتی قوانین کو الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 سے ہم آہنگ کرنے کی تجاویز بھی تیار کی جائیں گی۔ انتخابی قوانین کو بدلتے حالات کے مطابق مؤثر اور جمہوری تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔


