کراچی (لارڈ میڈیا) : سندھ پولیس افسران کے لیے میڈیا بریفنگ اور انٹرویوز کے لیے آئی جی سندھ کی پیشگی اجازت لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ آئی جی سندھ کے احکامات پر اے آئی جی آپریشن نے یہ ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی پولیس افسر آئی جی سندھ کی پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا پر نہیں آ سکتا۔ اس میں ٹی وی، ریڈیو، پوڈکاسٹ اور پریس کانفرنس میں شرکت شامل ہے جن کے لیے پیشگی منظوری ضروری ہوگی۔
ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر عوامی فورمز پر سرکاری حیثیت میں شرکت بھی پیشگی اجازت سے مشروط ہوگی اور اجازت لینے والے افسران صرف منظور شدہ ایجنڈے تک گفتگو محدود رکھیں گے۔
ہدایت نامے کے مطابق جاری تحقیقات، انٹیلیجنس اور آپریشنل معاملات کی حساس معلومات ظاہر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
تمام نگران افسران کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔


