تہران (لارڈ میڈیا) ایف آئی اے لنک آفس ایران نے دو پاکستانی نوجوانوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے جو تہران میں پاکستانی سفارت خانے پہنچ گئے ہیں۔ بازیاب ہونے والے نوجوانوں کی شناخت طلحہ اور شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق لاہور کے علاقے گاؤں پسین سے ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ کامیابی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور ایف آئی اے لنک آفس ایران کی مربوط کوششوں کے باعث ممکن ہوئی۔
انسانی اسمگلنگ کے شبے میں ایجنٹ عامر بھوبھلہ کے والد تاج محمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس معاملے میں درج تین مختلف ایف آئی آرز میں مجموعی طور پر پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایران میں مبینہ طور پر لاپتا دیگر پاکستانی شہریوں کی بازیابی اور وطن واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔


