تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے واضح کیا ہے کہ فی الحال امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اس وقت تہران کی تمام توجہ اپنی سلامتی اور دفاع پر مرکوز ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق، تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت کا کوئی پروگرام زیر غور نہیں ہے اور ایران اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں اسی وقت تک برقرار رکھے گا جب تک دوسرا فریق اپنے وعدوں پر عمل کرے۔
ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا نے عارضی مفاہمتی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، جس کے بعد ایران نے بھی اس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل روک دیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کا مقصد ایرانی نظام کو گرانا ہے اور ایران کی پالیسی قومی مفادات اور قومی سلامتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا مگر قومی سلامتی کے لیے تیار ہے۔
یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور ایران و امریکا کے تعلقات بدستور تناؤ کا شکار ہیں۔ ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی معاہدے کا انحصار دوسرے فریق کی وعدوں کی پاسداری پر ہوگا۔


