تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے کویت اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک امریکی ڈرون کو مار گرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق کویت میں علی السالم ایئر بیس اور اردن کے الازرق فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ایران کے فوجی اثاثوں پر حملے کیے گئے تاکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کی جا سکے۔ اس دوران امریکی افواج نے ایرانی ساحلی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی میزائلوں نے چاہ بہار، اہواز اور بندر عباس کو نشانہ بنایا، جہاں ایک اسپتال کے قریب میزائل گرا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اردن نے بھی ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
ایران نے تمام تجارتی راستے بند کرنے کی دھمکی دی ہے، جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ایران کی قومی سلامتی کی حفاظت کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
ایران کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں دو خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد شہری جاں بحق اور 260 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ایران نے جوابی کارروائی میں اپنے حملوں کی ساتویں لہر کا آغاز کیا ہے۔


