متحدہ عرب امارات (لارڈ میڈیا): متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے خلیج فارس میں دو بحری جہازوں پر حملہ کیا ہے۔
دو آئل ٹینکرز، مومباسا اور باہیا، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں اور عمان کی علاقائی سمندری حدود میں ایران کے کروز میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔ حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر مومباسا کے عملے کا ایک رکن، جو انڈین شہری تھا، ہلاک ہو گیا جبکہ مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمی افراد میں چھ کا تعلق انڈیا اور دو کا یوکرین سے ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اسے ‘کھلا حملہ’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتا ہے۔
پاسداران انقلاب نے بعد میں جاری ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دو ٹینکروں نے ایران کے خطرے سے متعلق انتباہات کو نظرانداز کیا اور اپنے نیویگیشن سسٹمز بند کر دیے اور بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔ آئی آر جی سی نے کہا کہ اس نے خلاف ورزی کرنے والے ٹینکروں کو نشانہ بنا کر انہیں ناکارہ بنا دیا۔


