تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے بحرین میں امریکی بحری بیڑے اور ایئربیس پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق، بحرین میں موجود امریکی بحری بیڑے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں امریکی اڈے پر موجود ایندھن کے ذخائر میں آگ بھڑک اٹھی۔ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، ریڈار سسٹم اور ڈرون مرکز کو نقصان پہنچا۔
پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جفیر ایئربیس پر اسلحہ گوداموں، سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور امریکی افواج کی رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاسداران انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو سپر ٹینکروں کو بھی نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا، کیونکہ ان ٹینکروں نے ایرانی وارننگ کو نظرانداز کیا تھا۔
دوسری جانب، اردن نے ایران سے آنے والے چار میزائلوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اردنی فوج کے ترجمان کے مطابق، ملکی حدود میں داخل ہونے والے چار میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا گیا۔


