بیجنگ (شِنہوا) چین نے 794 ضروری ادویات پر مشتمل نئی قومی فہرست جاری کر دی، جو طبی اداروں کے لئے ادویات کی خریداری اور نسخہ نویسی کے حوالے سے رہنما اصول فراہم کرتی ہے۔ موجودہ فہرست کے اجرا کے 8 سال بعد اس میں یہ تازہ ترین تبدیلی کی گئی ہے۔
چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق ضروری ادویات سے مراد وہ ادویات ہیں جو ملک کی بنیادی صحت کی ضروریات پوری کرتی ہوں، جن کی فراہمی قابل اعتماد ہو، عوام کو ان تک منصفانہ رسائی حاصل ہو اور جو نسبتاً زیادہ موثر اور کم لاگت ہوں۔
کمیشن کے سینئر عہدیدار گونگ شیانگ گوانگ نے کہا کہ ابتدائی اندازے کے مطابق نئی فہرست میں شامل ادویات ملک کے سرکاری طبی اداروں میں استعمال ہونے والی مجموعی ادویات کا تقریباً 71 فیصد حصہ بنیں گی۔
یہ نئی فہرست رواں سال ستمبر سے نافذ العمل ہوگی۔ طبی تحفظ کی قومی انتظامیہ کے مطابق نئی شامل کی گئی تمام ادویات کو ادویات کے اخراجات کی واپسی کی قومی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
بیجنگ ہسپتال کے چیف فارماسسٹ ہو شن کے مطابق 2018 میں جاری کی گئی گزشتہ فہرست کے مقابلے میں نئی فہرست میں 68 نئی ادویات اور حیاتیاتی مصنوعات شامل کی گئی ہیں۔ یہ اضافہ مقامی اور دیہی طبی اداروں میں عام بیماریوں کے علاج کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور ذیابیطس و ہائی بلڈ پریشر جیسی زیادہ پھیلنے والی بیماریوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ہو شن نے کہا کہ "ان ادویات کی شمولیت سے ڈاکٹروں کو علاج کے مزید اختیارات میسر آئیں گے اور مختلف حالات میں مریضوں کی ادویات سے متعلق ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے گا۔”
تازہ فہرست میں بچوں کے استعمال کے لئے 31 نئی ادویات بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں 5 ایسی ادویات ہیں جو خاص طور پر بچوں کے لئے تیار کی گئی ہیں۔ اس طرح فہرست میں اب بچوں کے استعمال سے متعلق ہدایات رکھنے والی 317 ادویات شامل ہیں، جن میں 22 بچوں کی مخصوص ادویات ہیں۔
چین نے ضروری ادویات کی پہلی قومی فہرست 1982 میں جاری کی تھی۔ 2009 میں طبی اصلاحات کے نئے مرحلے کے آغاز کے بعد موجودہ تازہ ترین فہرست سے قبل اس فہرست کو 3 مرتبہ اپ ڈیٹ کیا جا چکا تھا۔


