واشنگٹن (لارڈ میڈیا): پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات واشنگٹن میں شروع ہوگئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ‘ریسیپروکل ٹریڈ ایگریمنٹ’ پر دو روزہ مذاکرات جاری ہیں، جن میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں۔
مذاکرات آج اور کل جاری رہیں گے اور متعلقہ وزارتوں کے حکام بھی آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے شریک ہو رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹیرف سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہو رہی ہے۔
مذاکرات کا مقصد پاک امریکا تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا اور باہمی تجارت میں سہولت کاری ہے۔ دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا بھی مذاکرات کا اہم مقصد قرار دیا گیا ہے۔


