کراچی (لارڈ میڈیا) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ کی ترقی کے اسٹریٹجک منصوبوں کے جائزے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کیٹی بندر انٹیگریٹڈ کوریڈور اور سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سندھ میں اے آئی انفرا اسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز اور فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے روزگار، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی معاشی تبدیلی طویل المدتی وژن کا حصہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں انہیں شہر کے 6 بڑے منصوبوں کی تکمیل پر بریفنگ دی گئی۔
میئر کراچی نے بتایا کہ ابراہیم حیدری پل 120 دن اور عظیم پورہ فلائی اوور 93 دن میں مکمل کیا گیا جبکہ گٹر باغیچہ میں 100 ملین گیلن یومیہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔


