واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں پاسداران انقلاب کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق حملے فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل اور ڈرون تنصیبات پر کیے گئے، جبکہ ساحلی نگرانی اور دفاعی مراکز سمیت بحری صلاحیتوں کو بھی ہدف بنایا گیا۔
امریکی فوج نے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد امریکی افواج، تجارتی جہاز رانی اور خلیجی ممالک کو درپیش خطرات کو کم کرنا ہے۔
حملے کے بعد ایران کے مختلف شہروں سے دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ہرمزگان کے نائب گورنر احمد نفیسی نے بتایا کہ جزیرہ قشم پر فضائی حملہ ہوا ہے۔
خوزستان کے نائب گورنر نے آبادان کے نواحی علاقوں پر حملوں کی اطلاع دی ہے، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق خوزستان کے چار شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔


