قصور (لارڈ میڈیا): پولیس نے 2 لڑکیوں کو ایک نوجوان پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک لڑکی نے نوجوان کو ویران جگہ بلایا اور موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے اس پر تیزاب پھینک دیا۔ متاثرہ نوجوان ملائشیا سے واپس آیا تھا اور اس نے لڑکی کے خلاف تھانہ صدر قصور میں ایف آئی آر درج کرائی۔
پولیس کو دی گئی درخواست میں نوجوان نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ چائے پینے جا رہا تھا جب اچانک ملزمہ نے تیزاب پھینکا جس سے اس کا چہرہ اور آنکھیں متاثر ہوئیں۔ ملزمہ نے اس کی جیب سے 60 ہزار روپے اور طلائی چین بھی نکال لی۔ جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بتایا کہ نوجوان کی آنکھوں کی جھلی متاثر ہوئی ہے۔
نوجوان نے الزام لگایا کہ ملزمہ نے اس پر تیزاب اس کی سابقہ بیوی کی ایما پر پھینکا جسے اس نے طلاق دی تھی۔
ملزمہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نوجوان ان کی لڑکی کو شادی کے لیے بلیک میل کر رہا تھا اور اس وجہ سے اس نے اپنی دوست کی مدد سے یہ قدم اٹھایا۔ ان کے مطابق ان کی لڑکی کو کوئی پچھتاوا نہیں۔


