بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب کے بعد ہنگامی امدادی کارروائیوں، متاثرین کی مدد، زخمیوں کے علاج اور بے گھر افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شی جن پھنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ جانی نقصان کو کم سے کم رکھنے اور ثانوی آفات سے بچاؤ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
شی جن پھنگ نے یہ ہدایات اس وقت جاری کیں جب شدید بارشوں اور تیز آندھی کے باعث گوانگ شی ژوانگ خودمختار علاقے، ہوبے اور گانسو سمیت کئی علاقوں میں آبی ذخائر کے بند ٹوٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر آفات پیش آئیں جن کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
شی نے سیلاب سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے پیش نظر مقامی حکومتوں اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات موثر انداز میں نافذ کریں، دریاؤں، جھیلوں، خستہ حال آبی ذخائر اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں خطرات کی بروقت نشاندہی اور ان کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔
شی جن پھنگ نے نگرانی، پیشگی انتباہی نظام، ہنگامی تیاری اور فوری ردعمل کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے آفات سے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کو موثر طریقے سے انجام دیا جائے۔


