ہومUncategorizedدانہ سر حادثے میں 26 جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد...

دانہ سر حادثے میں 26 جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد تدفین کا عمل شروع

ژوب (لارڈ میڈیا): دانہ سر بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے حادثے کا شکار ہونے والی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل کر دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 33 افراد کی لاشیں ژوب سول اسپتال منتقل کی گئیں، جن میں سے 26 کی شناخت مکمل ہونے کے بعد ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ حادثے میں خواتین اور بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں سے 4 خواتین، ایک بچہ اور 2 مردوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ان کی میتیں ژوب سول اسپتال میں موجود ہیں۔ شناخت ہونے والے افراد کا تعلق پشاور، مالاکنڈ، باجوڑ، وزیرستان، بنوں، لکی مروت، قلعہ عبداللہ اور بھکر سے بتایا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں مسافر کوچ کے ڈرائیور بابو استاد بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے کوئٹہ کے جبل نور بس ٹرمینل پر واقع نجی کمپنی کا دفتر سیل کر دیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں مبینہ غفلت سامنے آئی ہے جس پر دفتر سیل کیا گیا۔ تحقیقات مکمل ہونے تک کمپنی کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو حادثے کی وجوہات کا تعین کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

حکام کے مطابق دانہ سر حادثے کے بعد صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں